کولمبو: آسٹریلیا کی پانچ وکٹوں سے جیت

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سیریز میں یہ تیسری مرتبہ ہے کہ سری لنکا اپنے مکمل پچاس اوور نہیں کھیل پائی

آسٹریلیا نے چوتھے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض ایک سو بتیس رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر ڈوہرتی اور برٹ لی کی متاثر کن بالنگ جبکہ شون مارش کی شاندار بیٹنگ نے یہ میچ آسٹریلیا کی جھولی میں ڈال دیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس میچ کی فتح کے بعد آسٹریلیا نے یہ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے جبکہ ابھی ایک میچ ہونا باقی ہے۔

سری لنکا کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سپن بولر سیکوگی پراسنا کے ایک اوور میں تین وکٹیں لینے کے باوجود میچ کے دوران کبھی ایسا نہیں لگا کہ ایک سو بتیس رنز کا ہدف سیریز کو زندہ رکھنے کے لیے کافی رہے گا۔

پراسنا آسٹریلیا کے تین بلے بازوں شون مارش، مائیکل ہسی اور ڈیوڈ ہسی کو ایک اوور میں آؤٹ کرنے میں کامیاب تو رہے لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے صرف دس رنز درکار تھے۔

سری لنکا کی جانب سے ماہیلا جے وردنے کی نصف سنچری کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ یہاں تک کے پہلے چار بلے بازوں کے علاوہ کوئی دس رن بھی نہیں بنا پایا۔

اس سیریز میں یہ تیسری مرتبہ ہے کہ سری لنکا مکمل پچاس اوور کھیلنے میں ناکام رہی۔