انگلینڈ: کیون پیٹرسن ون ڈے سکواڈ سے باہر

فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ ALLSPORT Getty
Image caption کیون کو ون ڈے کے لیے ٹیم میں نہ لینے کا مقصد انہیں آرام دینا ہے۔

انگلینڈ کے بلے باز کیون پیٹرسن کو بھارت کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

انگلینڈ نے یہ فیصلہ ٹیسٹ سریز میں فتح کے بعد کیون کو آرام دینے لیے کیا ہے تاہم وہ بدھ کے روز ہونے والا ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین القوامی میچ کھیلیں گے۔

ٹوئنٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں ایلیکس ہیلز اور جوس بٹلر بھی شامل ہیں۔

اس سے پہلے بھارت بھی اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کر چکا ہے۔

ون ڈے سیریز، سہواگ کی جگہ اجنکیا رہانے

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز تین ستمبر سے ریورسائیڈ میں شروع ہو رہی ہے جبکہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ کے سلیکٹر جیف ملر کا کہنا تھا ’ہم بین سٹاکس، جوس بٹلر اور ایلیکس ہیلز جیسے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت سے کافی پرجوش ہیں۔ ان سب سے ڈومیسکٹ کرکٹ میں اپنی صلاحیت کو ثابت کیا ہے اور اب ہم انہیں بین القوامی سطح پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے دیکھیں گے۔‘

’کیون پیٹرسن کو ون ڈے میں نہ لینا کھلاڑیوں میں کام کے بوجھ میں توازن لانے کی ہماری پالیسی کا حصہ ہے اور ہم دوسرے بلّے بازوں کو بھی نبمر چار پر اپنی صلاحتیوں کو جانچنے کا موقع دیں گے۔‘

انگلیڈ کی ٹیم میں شامل کیے گئے بین سٹاکس انگلی زخمی ہونے کے باعث فی الحال باؤلنگ نہیں کروا رہے۔ بیس سالہ بٹلر عمدہ بلے باز اور وکٹ کیپر ہیں تاہم وہ ابھی اپنی فارم میں نہیں ہیں۔

ایلیسٹر کُوک ونڈے سیریز کے لیے ٹیم میں واپس آ جائیں گے۔

ائین بیل، مائیکل لمب، کرس ووکس، رائٹ اور کیون پیٹرسن ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دی تھی۔

دوسری جانب بھارت کے اوپنر بلے باز وریندر سہواگ کے زخمی ہونے کے سبب انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کی جگہ اجنکیا رہانے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

تیئیس برس کے اجنکیا رہانے آئی پی ایل میں ممبئی اور راجھستان رائلز کی ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔

اسی بارے میں