جمیکا کی ٹیم کا نیا عالمی ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یوسین بولٹ ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والی جمیکن ٹیم کے رکن ہیں

جنوبی کوریا میں جاری عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں جمیکا کے ایتھلیٹس نے مردوں کی چار ضرب سو میٹر کی ریلے ریس میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

جمیکن ٹیم نے جس میں مشہور ایتھلیٹ یوسین بولٹ بھی شامل تھے مقررہ فاصلہ سینتیس اعشاریہ صفر چار سیکنڈ میں طے کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔

یہ تیرہویں عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں بننے والا واحد نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

جمیکا کی ٹیم میں سو میٹر دوڑ کے موجودہ چیمپیئن یوہان بلیک کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ یوسین بولٹ بھی شامل تھے۔

یوسین بولٹ جنوبی کوریا کے شہر ڈیگو میں منعقدہ مقابلوں کے دوران سو میٹر کی دوڑ میں وقت سے پہلے دوڑ پڑنے پر مقابلے سے باہر ہوگئے تھے تاہم انہوں نے دو سو میٹر اور اب چار ضرب سو میٹر دوڑ میں طلائی تمغے جیتے ہیں۔

چار ضرب سو میٹر ریلے ریس میں اس سے پہلے بھی عالمی ریکارڈ جمیکا کے پاس ہی تھا اور یوسین بولٹ اس ٹیم کے رکن بھی تھے جس نے بیجنگ اولمکپس کے دوران سینتیس اعشاریہ ایک صفر سیکنڈ میں یہ فاصلہ طے کیا تھا۔

یوسین بولٹ نے گزشتہ سال بیجنگ میں اولمپکس مقابلوں میں تین عالمی ریکارڈ بنائے تھے۔ انہوں نے سو میٹر کی دوڑ نو اعشاریہ اٹھاون سیکنڈ میں طے کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

بولٹ دو سو میٹر کی دوڑ میں بھی عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں اور وہ دنیا کے پہلے ایسے ایتھلیٹ ہیں جو ایک ہی وقت میں ایک سو اور دو سو میٹر کی دوڑ میں اولمپکس اور عالمی چیمپیئن رہے ہیں۔

اسی بارے میں