تندولکر بھی زخمی،بھارتی مشکلات میں اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption تندولکر پہلا ایک روزہ میچ بھی نہیں کھیل پائے تھے

انگلینڈ کے دورہ کرنے والی بھارتی ٹیم کے زخمی کھلاڑیوں کی فہرست طویل ہوتی جا رہی ہے اور اس فہرست میں نیا نام سچن تندولکر کا ہے۔

سچن تندولکر کے دائیں پیر کے انگوٹھے میں چوٹ لگی ہے اور وہ اسی وجہ سے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی نہیں کھیل پائے تھے

تاہم اب ڈاکٹر نے انہیں ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے اور یوں وہ اب بقیہ چار ایک روزہ میچوں میں بھی شرکت نہیں کر پائیں گے۔

تندولکر کی جگہ ایس بدری ناتھ کو بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے شہر ساؤتھمپٹن میں ایک سرجن سے معائنہ کروانے کے بعد سچن کے اس سیریز میں نہ کھیلنے کے بارے میں فیصلہ کیا گیا۔ ڈاکٹر نے انہیں چار ہفتے تک آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

وہ اس دورے کے دوران زخمی ہونے والے آٹھویں بھارتی کھلاڑی ہیں۔

سچن تندولکر سے قبل گوتم گمبھیر ٹیسٹ میچ میں سر میں چوٹ لگنے کے وجہ سے بھارت واپس آ گئے تھے جبکہ پہلے ایک روزہ میچ میں سٹورٹ براڈ کی ایک تیز گیند نے روہت شرما کی انگلی توڑ ڈالی تھی۔

ان کے علاوہ وریندر سہواگ، یوراج سنگھ، ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ میں زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

اسی بارے میں