نیوزی لینڈ چیمپیئنز ٹرافی کا نیا میزبان

فائل فوٹو
Image caption بھارت میں ہاکی کی نگرانی کے لیے دو متوازی ادارے کام کر رہے ہیں

نیوزی لینڈ اب بھارت کی جگہ سنہ 2011 کی مردوں کے چیمپئنز ٹرافی ہاکی مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔

ہاکی کے بین الاقوامی نگراں ادارے ایف آئی ایچ کے اس فیصلے کے نتیجے میں اب نیوزی لینڈ بطور میزبان تین سے گیارہ دسمبر تک ہونے والے ان مقابلوں میں شریک بھی ہوگا۔

ایف آئی ایچ نے گزشتہ ہفتے بھارت سے ان مقابلوں کی میزبانی واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہاکی کی نگرانی کے لیے دو متوازی ادارے کام کر رہے ہیں لیکن بین الاقوامی ہاکی کے قواعد و ضوابط اس کی اجازت نہیں دیتے۔

ایف آئی ایچ نے ہاکی انڈیا کو ملک میں ہاکی کے نگراں ادارے کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ پہلے ملک میں ہاکی کی نگرانی انڈین ہاکی فیڈریشن کے ہاتھوں میں تھی لیکن بدعنوانی اور نااہلی کے الزامات کے بعد حکومت نے ہاکی انڈیا کے نام سے ایک نیا ادارہ قائم کیا تھا۔ لیکن معاملہ ابھی عدالت میں ہے اور دونوں ادارے اپنے دعوے پر قائم ہیں۔

ایف آئی ایچ کے صدر لیانڈر نیگرے نے کہا ہے کہ ’کسی بھی ملک سے ایک مقابلے واپس لینا ہمیشہ ہی مشکل ہوتا ہے مگر نیوزی لینڈ کی جانب سے میزبانی کی پہل کرنا کافی اچھا رہا‘۔

انہوں نے امید ظاہر کی نیوزی لینڈ بہترین میزبان ثابت ہوگا۔ نیوزی لینڈ ہاکی کی چیف ایگزیکٹو ہیلری پول نے کہا ’اس مقابلے کے انعقاد کا موقع ملنا خوش قسمتی کی بات ہے‘۔

اس مقابلے کا تفصیلی پروگرام آنے والے ہفتوں میں جاری کیا جائے گا مگر یہ طے ہے کہ اس ٹورنامنٹ کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

اسی بارے میں