پاکستان کا محتاط آغاز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے ستائیس رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید ایک سو ستر رنز کی ضرورت ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل: تصاویر

جب کھیل ختم ہوا تو پاکستانی اوپنر توفیق عمر آٹھ اور محمد حفیظ سترہ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ایک سو ستانوے رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

سری لنکن اوپنروں نے ٹیم کو اڑتالیس رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم مڈل آرڈر کے بلے باز بری طرح ناکام ہوئے اور ایک موقع پر ایک سو چودہ رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کے سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس موقع پر اینجلو میتھیوز نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست باون رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سنبھالا۔ سری لنکا کے دوسرے نمایاں بلے باز پرنیویتانا رہے جنہوں نے سینتیس رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پندرہ اووروں میں اڑتیس رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے علاوہ سعید اجمل اور عمر گل نے دو دو جبکہ اعزاز چیمہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسی بارے میں