ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، انگلینڈ سرفہرست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption آل راؤنڈرز کی کیٹگری میں شاہد آفریدی دوسری پوزیشن پر ہیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم سرفہرست ہے۔

آئی سی سی نے پہلی بار ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی رینکنگ شروع کی ہے۔

بالنگ کی کٹیگری میں مینڈس کے بعد دوسری پوزیشن پر انگلینڈ کے سوان اور سیعد اجمل تیسری پوزیشن پر ہیں۔

سعید اجمل کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انھوں نے اب تک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سعید اجمل نے آٹھ اگست دو ہزار گیارہ کو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں سولہ رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم کے بعد سری لنکا دوسری جب کہ نیوزی لینڈ تیسرے درجے پر ہے۔

اس کے بعد جنوبی افریقہ اور بھارت ہیں جب کہ آسٹریلیا کی چھٹی اور پاکستان کی پوزیشن ساتویں ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے چیمپیئن انگلینڈ کی پہلی پوزیشن ہے جب کہ انگلینڈ کے ہی مورگن بہترین بلے باز ٹھہرے ہیں

پاکستان کے بعد ویسٹ انڈیز، افغانستان اور زمبابوے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کی ریکنگ ٹیموں کی اگست دو ہزار نو سے کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی ہے جب کہ بنگلہ دیش، نیدر لینڈ، کینیڈا، کینیا اور سکاٹ لینڈ کو کم از کم آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پر رینکنگ ٹیبل میں شامل کیا جائے گا۔

کھلاڑیوں میں بلے بازوں کی کٹیگری میں انگلینڈ کے مورگن، بالرز میں سری لنکا کے مینڈس اور آل راؤنڈز میں آسٹریلیا کے شین واٹس پہلی پوزیشن پر ہیں۔

آل راؤنڈرز کیٹگری میں پاکستان کے شاہد آفریدی کی دوسری، آسٹریلیا کے ڈیوڈ ہسی تیسری، پاکستان کے محمد حفیظ چوتھی جبکہ عبدالرزاق دسویں پوزیشن پر ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ چوبیس میچ کھیلے ہیں۔

اسی بارے میں