آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ ihf
Image caption ٹورنامنٹ کا فائنل تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا میں جاری تین ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں میزبان ملک نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دے دی ہے۔

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں تین ایسے کھلاڑی بھی شامل تھے جو بھارت کے خلاف میچ میں ہونے والے جھگڑے میں زخمی ہوئے تھے۔

پاکستان کو اس میچ کے لیے کپتان شکیل عباسی کی خدمات بھی حاصل نہیں تھیں جنہیں اس جھگڑے کے نتیجے میں ایک میچ کی پابندی کا سامنا تھا۔

میچ کے پہلے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلیا کے تین گولوں کے جواب میں سہیل عباس نے پینلٹی کارنرز پر دو گول کیے۔

پہلے ہاف کے اختتام پر آسٹریلیا کو ایک گول کی سبقت حاصل تھی اور دوسرے ہاف میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور مزید پانچ گول کر ڈالے۔

پاکستانی ٹیم دوسرے ہاف میں کوئی گول نہ کر سکی اور یوں آسٹریلیا نے میچ دو کے مقابلے میں آٹھ گول سے جیت کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

اب تک ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان اور بھارت کو شکست دی ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کا میچ برابر رہا ہے۔

اس ٹورنامنٹ کا فائنل تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں