پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سعید اجمل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو اکیس رن سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

دبئی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کو فتح کے لیے دو سو اٹھاون رنز کا ہدف دیا تھا لیکن سری لنکن ٹیم انچاسویں اوور میں دو سو چھتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنرز کی عمدہ کارکردگی تھی۔ محمد حفیظ اور عمران فرحت نے اس میچ میں ٹیم کو ایک سو اکیاون رن کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور حفیظ تراسی اور عمران ستّر رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اچھے آغاز کے باوجود بعد میں آنے والے پاکستانی بلے باز ٹیم کو ایک بڑے سکور تک پہنچانے میں ناکام رہے۔

یونس خان کے بیالیس رنز کے علاوہ کوئی بھی قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور پاکستان مقررہ پچاس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر دو سو ستاون رنز ہی بنا سکا۔

دو سو اٹھاون رن کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو پہلا نقصان پہلے ہی اوور میں اس وقت اٹھانا پڑا جب عمر گل نے تھارنگا کو بولڈ کر دیا۔

تاہم تلکارتنے دلشان اور کمارا سنگاکارا نے سنچری شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔ دلشان نے چونسٹھ جبکہ سنگاکارا نے پینتالیس رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستانی مڈل آرڈر کی طرح آنے والے سری لنکن بلے باز بھی دلشان اور سنگاکارا کی شراکت سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور مقررہ پچاس اوور میں سری لنکن ٹیم نو وکٹ کے نقصان پر دو سو رن ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے اور عمرگل نے تین، تین شاہد آفریدی نے دو جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور اعزاز چیمہ کی جگہ سہیل تنویر کو کھلایا۔

اس سیریز کا پہلا میچ پاکستان جبکہ دوسرا سری لنکا نے جیتا تھا اور اب سیریز کا چوتھا میچ اتوار بیس نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں