ممبئی ٹیسٹ، بھارت تین وکٹ پر 281 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption تندولکر کو اپنے کیرئیر کی سویں سینچری بنانے کے لیے مذید تینتیس رنز کی ضرورت ہے

ممبئی میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر دو سو اکاسی رنز بنائے ہیں۔

تیسرے دن کے خاتمے پر سچن تندولکر سٹرسٹھ اور لکشمن بتیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کو ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید تین سو نو رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

بھارت کی جانب راہول ڈراوڈ نے گیارہ چوکوں کی مدد سے بیاسی رنز بنائے۔

بھارت کے دوسرے نمایاں بلے باز گوتھم گھمبیر رہے، انہوں نے آٹھ چوکوں کی مدد سے پچپن رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے رام پال، ڈیرن سامی اور سیمیوئل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں پانچ سو نوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات ڈیرن براوو کی شاندار سینچری تھی، انہوں نے سترہ چوکوں کی مدد سے ایک سو چھیاسٹھ رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے دوسرے نمایاں بلے باز کرک ایڈورڈز رہے، انہوں نے تیرہ چوکوں کی مدد سے چھیاسی رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سےایش ون نے چار اور ویرن آرون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ممبئی ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

دلی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ کولکتہ ٹیسٹ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور پندرہ رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں