سعید اجمل آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سعید اجمل نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی دکھائی

پاکستانی آف سپنر سعید اجمل ایک روزہ میچوں کے لیے آئی سی سی کے بہترین بولرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔

آئی سی سی کی تازہ فہرست کے مطابق سعید اجمل چھ سو ترانوے پوائنٹس کے ساتھ ایک روزہ کرکٹ کے بہترین بولر ہیں۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری ہیں جو سعید سے دو پوائنٹس پیچھے ہیں۔

یہ سعید اجمل کے کیریئر میں پہلا موقع ہے کہ وہ آئی سی سی کی رینکنگ میں سرِفہرست آئے ہیں۔ وہ اس وقت دنیا کے بہترین ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں بھی نویں نمبر پر ہیں۔

انہوں نے سری لنکا کے خلاف بدھ کو ختم ہونے والی سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تین ٹیسٹ میچوں میں اٹھارہ اور پانچ ایک روزہ میچوں میں گیارہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سعید اجمل کے علاوہ دو اور پاکستانی بولرز بھی دنیا سے دس بہترین ون ڈے بولرز کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ ان بولرز میں شاہد آفریدی اور محمد حفیظ شامل ہیں جو بالترتیب ساتویں اور آٹھویں درجے پر ہیں۔