ممبئی ٹیسٹ بےنتیجہ، سیریز بھارت کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بھارت نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ممبئی میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

تاہم بھارت نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میچ کے آخری دن ویسٹ انڈیز نے بھارت کو یہ میچ جیتنے کے لیے دو سو تینتالیس رنز کا ہدف دیا تھا اور بھارتی ٹیم مقررہ اوورز کے اختتام پر نو وکٹ کے نقصان پر دو سو بیالیس رن ہی بنا سکی۔

میچ کی آخری گیند پر بھارت کو فتح کے لیے دو رن درکار تھے تاہم بھارتی بلے باز ایشون دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ویرات کوہلی نے تریسٹھ جبکہ وریندر سہواگ نے ساٹھ رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے بشو، سیموئل اور رام پال نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف ایک سو چونتیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے ڈیرن براوو نے دوسری اننگز میں بھی اڑتالیس رنز بنائے جبکہ براتھ ویٹ پینتیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے آف سپنر اوجھا نے چھ جبکہ ایشون نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں پانچ سو نوے رن بنائے تھے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں چار سو بیاسی رن بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔

اسی بارے میں