ہاکی: پاکستان نے چین کو ہرادیا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پاکستان کے تینوں گول پنلٹی کارنرز پر بنے

سات سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان میں کھیلے جانے والے پہلے بین الاقوامی میچ میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے چین کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔

چینی ہاکی ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے اور پہلا میچ بدھ کو کراچی میں ہاکی کلب آف پاکستان میں کھیلا گیا۔

پاکستان کی جانب سے پہلا گول پندرہویں منٹ میں محمد عرفان نے کیا اور چوبیسویں منٹ میں کپتان محمد عمران نے پاکستان کی برتری دوگنی کر دی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو دو گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں میچ کے اکیاونویں منٹ میں محمد توثیق نے گول کر کے سکور تین صفر کر دیا۔

پاکستان کے تینوں گول پنلٹی کارنرز پر بنے اور پورے میچ میں چینی ٹیم پاکستانی ٹیم کے لیے خطرہ ثابت نہ ہو سکی۔

اس میچ میں پاکستانی ٹیم میں چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم کے گول کیپر سلمان اکبر اور وسیم احمد شامل نہیں تھے۔ وسیم احمد بخار میں مبتلا ہیں اور وہ دوسرا میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

میچ دیکھنے والوں میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا بھی شامل تھے جو سابق اولمپئنز اصلاح الدین اور ایاز محمود کے پاس گئے اور ان سے گرم جوشی سے ملے۔

واضح رہے کہ سابق اولمپئنز کی بڑی تعداد ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر اس وقت پاکستان ہاکی فیڈریشن پر سخت تنقید کر رہی ہے۔

ان اولمپئنز نے گزشتہ دنوں فیڈریشن کے صدر کی یہ پیشکش بھی ٹھکرا دی تھی کہ وہ ان سے مل کر ٹیم کی بہتری کے لیے تجاویز دیں۔ ان کا کہنا ہےکہ تجاویز دینے کا وقت گزرچکا ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعرات کو ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا جس کے بعد دو میچز فیصل آباد اور لاہور میں ہونگے۔

اسی بارے میں