تندولکر، ڈراوڈ کی سنچری کی شراکت

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈراوڈ اور تندولکر نے سنچری شراکت قائم کی

میلبرن میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارتی بلے بازوں نے ابتدائی نقصان کے بعد ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے اور کھیل کے اختتام پر پہلی اننگز میں تین وکٹ کے نقصان پر دو سو چودہ رن بنا لیے ہیں۔

بھارت کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے ابھی مزید ایک سو انیس رن درکار ہیں۔

تفصیلی سکور کارڈ

جب کھیل ختم ہوا تو نائٹ واچ مین ایشانت شرما اور راہول ڈراوڈ کریز پر موجود تھے اور راہول ڈاروڈ نے نصف سنچری بنائی تھی۔

بھارتی بلے باز سچن تندولکر اس مرتبہ بھی اپنی سوویں بین الاقوامی سنچری مکمل نہ کر پائے اور تہتر رن بنا کر پیٹر سڈل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے ڈراوڈ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے ایک سو سترہ رن کی شراکت قائم کی۔

دوسرے دن آؤٹ ہونے والے دیگر بھارتی کھلاڑیوں میں گوتم گمبھیر نے تین جبکہ وریندر سہواگ نے سڑسٹھ رنز بنائے۔ سہواگ کی نصف سنچری میں سات چوکے شامل تھے، انہیں پیٹنسن نے بولڈ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں تین سو تینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP Getty
Image caption سہواگ نے سات چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی

آسٹریلوی بلے بازوں میں کوون اور پونٹنگ نے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ پیٹر سڈل نے اکتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

بھارت کے لیے ظہیر خان نے چار جبکہ امیش یادو اور روی چندرن ایشون نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلوي کپتان مائیکل کلارک نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان اس سیریز کے دوران چار ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔

اسی بارے میں