آسٹریلیا نے میلبرن ٹیسٹ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پیٹر سڈل نے سچن تندولکر کی اہم وکٹ حاصل کی

میلبرن میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو ایک سو بائیس رنز سے شکست دے دی ہے۔

چوتھے روز بھارتی ٹیم کو فتح کے لیے دو سو بانوے رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم صرف ایک سو انہتر رنز بنا سکی۔

میچ کا تفصیلی سکورکارڈ

دوسری اننگز میں بھارتی بلے بازوں میں تندولکر اور ایشون کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر نہیں ٹھہر سکا۔ تندولکر نے بتیس اور ایشون نے تیس رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹنسن نے چار، پیٹر سڈل نے تین، ہلفنہاس نے دو اور لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اناسی رنز سے کھیل کی شروعات کی تو اس کی پوری ٹیم دو سو چالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

مائیکل ہسی اپنے سکور میں صرف دس رنز کا اضافہ ہی کرسکے اور ظہیر خان کے ہاتھوں نواسی رنز پر آؤٹ ہوئے۔ پیٹنسن نے اچھا کھیل پیش کیا اور 37 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے دوسرے نمایاں بلے باز سابق کپتان رکی پونٹگ رہے، انہوں نے ساٹھ رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے بلے باز دوسری اننگز میں بھارتی بولروں کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور سات بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہو سکا۔

بھارت کی جانب سے امیش یادو نے چار اور ظہیر خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اتوار کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں آسٹریلوي کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں تین سو تینتیس رنز بنائے تھے۔

اس کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں دو سو بیاسی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس میں تندولکر کے تہتر اور راہول ڈراوڈ کے اڑسٹھ رنز نمایاں تھے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان اس سیریز کے دوران چار ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔

اسی بارے میں