ڈربن ٹیسٹ: سری لنکا کی جیت، سیریز برابر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سیریز کا تیسرا میچ سات جنوری سے شروع ہو گا

ڈربن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو دو سو آٹھ رنز سے شکست دے دی ہے۔

میچ میں فتح کے بعد تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔

جمرات کو میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں چار سو پچاس رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو سو اکتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڑ

جنوبی افریقہ کی جانب سے اے بی ڈویلیرز نے دوسری اننگز میں انہتر جبکہ ہاشم آملہ نے اکاون رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ہیرات نے پانچ اور فرنیڈو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز سری لنکا کے بالروں کی عمدہ بالنگ کے سامنا نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

اس سے قبل سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں دو سو اناسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

سری لنکن اننگز کی خاص بات کمار سنگا کارا کی شاندار سنچری تھی۔ وہ ایک سو آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ چندی مل نے چوّن رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی نصف سنچری بنائی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ عمران طاہر اور مورکل نے دو، دو وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو اڑسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے چون اور ڈیل سٹین نے انتیس رنز بنائے تھے۔

اتوار کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں سماراویرا کی سنچری کی بدولت تین سو اڑتیس رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کے ہیرات کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں