کیپ ٹاؤن:کیلس اور پیٹرسن کی سنچریاں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کیلس نے اپنے ڈیڑھ سوویں ٹیسٹ میں ایک سو چودہ گیندوں پر سنچری بنائی

سری لنکا کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ژاک کیلس اور الویرا پیٹرسن کی سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مضبوط پوزیشن میں ہے۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے تین وکٹ کے نقصان پر تین سو سینتالیس رن بنائے تھے اور ژاک کیلس ایک سو انسٹھ اور ابراہم ڈی ویلیئرز پینتالیس کے سکور پر کریز پر موجود تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کیپ ٹاؤن میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

جنوبی افریقہ کے ابتدائی دو بلے باز تو چھپن رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد پیٹرسن اور کیلس نے تیسری وکٹ کے لیے دو سو دس رن کی شراکت قائم کی۔

اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں۔ پیٹرسن آؤٹ ہونے والے تیسرے جنوبی افریقی کھلاڑی تھے، انہوں نے ایک سو نو رن بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پرساد نے دو جبکہ ولیگیدرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چار میچوں کی یہ ٹیسٹ سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے۔

سنچورین میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ جنوبی افریقہ نے ایک اننگز اور اکیاسی رنز سے جیتا تھا جبکہ سری لنکا نے دو سو آٹھ رن سے ڈربن ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اسی بارے میں