سڈنی ٹیسٹ، آسٹریلیا کی برتری 291 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا

سڈنی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر چار سو بیاسی رنز بنا لیے ہیں۔

جب کھیل ختم ہوا تو مائیکل کلارک دو سو اکاون اور مائیکل ہسی پچپن رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف دو سو اکانوے رنز کی برتری حاصل ہے اور پہلی اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میچ کے دوسرے دن کی خاص بات آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کی شاندار ڈبل سینچری تھی۔ انہوں نے اکتیس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست دو سو اکاون رنز بنائے۔

آسڑیلیا کے دوسرے نمایاں بلے باز رکی پونٹنگ رہے، انہوں نے چودہ چوکوں کی مدد سے ایک سو چونتیس رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ظہیر خان نے تین اور ایشانت شرما نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو اکیانوے رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ستاون جبکہ سچن تندولکر نے اکتالیس رنز بنائے۔

بھارتی بلے باز آسٹریلیا کی تباہ کن بالنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کے چھ بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہو سکا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹنسن نے چار جبکہ سڈلِ اور ہلفنہاس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو ایک سو بائیس رنز سے شکست دی تھی۔

منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسی بارے میں