میسی سال دو ہزار گیارہ کے بہترین کھلاڑی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption میسی نے یہ ایوارڈ 2009 اور 2010 میں جیتا تھا

ارجنٹینا کے مشہور فٹ بالر لائنل میسی کو سنہ دو ہزار گیارہ کے فیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا ہے۔

وہ چوتھے کھلاڑی ہیں جن کو یہ ایوارڈ تین بار ملا ہے۔ میسی کے مدِ مقابل ریئل میڈرڈ کے رونالڈو اور بارسلونا کے زاوی تھے۔

زاوی نے کہا ’میرے خیال میں میسی تمام ریکارڈ توڑ دیں گے۔‘

میسی نے یہ ایوارڈ 2009 اور 2010 میں جیتا تھا۔ میسی کو یہ ایوارڈ ایک سروے کے بعد دیا گیا ہے۔ اس سروے میں مخصوص میڈیا، قومی فٹبال ٹیموں کے کوچ اور کپتانوں نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔

میسی کو 47.88 فیصد ووٹ ملے جبکہ رونالڈو کو 21 فیصد اور زاوی کو 9 فیصد ووٹ ملے۔

منچسٹر یونائٹڈ کے مینیجر سر ایلکس فرگوسن کو کھیل کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔ اور پیپ گارڈیولہ کو سال کے بہترین کوچ کا اعزاز دیا گیا ہے۔

ایوارڈ ملنے پر میسی نے کہا ’مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ ایوارڈ ملا ہے۔ یہ تیسری بار ہے کہ یہ ایوارڈ مجھے ملا ہے۔ میں ارجنٹینا کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘

میسی کے ساتھ بارسلونا میں کھیلنے والے زاوی نے کہا ’میسی ابھی صرف چوبیس سال کے ہیں۔ وہ فٹ بال کی تاریخ کے بہترین کھلاڑی بنیں گے۔‘

اسی بارے میں