جنوبی افریقہ نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا

ڈومینی تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ڈومینی نے چھیاسٹھ رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی

جنوبی افریقہ نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو پانچ وکٹ سے ہرا کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

سری لنکا نے دنیش چندی مل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر دو سو چھتیس رنز بنائے۔

چندی مل نے بانوے رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کے علاوہ اوپنر اپل تھارنگا چھیاسٹھ رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل اور سوٹسوبے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں جنوبی افریقہ نے دو سو سینتیس رنز کا ہدف انچاسویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ کے سب سے کامیاب بلے باز جے پی ڈومینی رہے جنہوں نے چھیاسٹھ رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ پہلے میچ میں سنچری بنانے والے ہاشم آملہ نے اس میچ میں نصف سنچری سکور کی۔

اس سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو دو سو اٹھاون رنز کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں سری لنکن ٹیم صرف تینتالیس رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جو ون ڈے میں اس کا سب سے کم سکور ہے۔

اسی بارے میں