بیئر کی فروخت ضروری ہے: فیفا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption الکوحل سے متعلق مشروبات فیفا ورلڈ کپ کا حصہ ہیں: جروم ویکلے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی گورننگ باڈی نے اصرار کیا ہے کہ سنہ دو ہزار چودہ میں برازیل میں ہونے والے فٹبال کے ورلڈ کپ کے دوران تمام مقامات پر بیئر کی فروخت کی اجازت دی جائے۔

فیفا کے جنرل سیکرٹری جیروم ویکلے کا کہنا ہے کہ برازیل کی پارلیمان ورلڈ کپ کے لیے قانون بنانے پر غور کررہی ہے اور اس موقع پر بیئر کی فروخت کی شق بھی اس مجوزہ قانون میں ضرور شامل ہونی چاہیے۔

برازیل کے سارے سٹیڈیم پر الکوحل کی فروخت پر پابندی عائد ہے اور ملک کے وزیرِ صحت نے برازیل کی کانگریس سے درخواست کی ہے کہ نئے قانون میں بھی یہ پابندی برقرار رکھی جائے۔

بیئر بنانے والی ایک کمپنی بریوئر بڈوائزر فیفا کی ایک بڑی سپانسر کمپنی ہے۔

جیروم ویکلے ورلڈ کپ پر بنائے جانے والے قانون میں پیش رفت پر دباؤ ڈالنے کے لیے برازیل کا دورہ کررہے ہیں۔

وہ برازیل کے دورے کے دوران بارہ شہروں میں فٹبال کے سٹیڈیمز کا دورہ بھی کر رہے ہیں جہاں سنہ دو ہزار چودہ میں عالمی فٹبال کپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے تعمیراتی کام کی رفتار پر تنقید کی اور کہا کہ برازیل نے اب تک اپنے معیار کو اس سطح تک بلند نہیں کیا ہے جو شائقین کو خوش آمدید کہنے کے لیے ضروری ہے۔

برازیل کی کانگریس میں الکوحل کی فروخت پر ووٹنگ کے دوران تنازع کے باعث قانون سازی کو مؤخر کردیا گیا ہے جس سے فیفا جھنجلاہٹ کا شکار ہے۔

طالبعلموں اور بزرگوں کو آدھی قیمت پر ٹکٹوں کی فروخت اور فیفا کے سپانسرز کے ٹریڈ مارک کو تحفظ دینے کے معاملے پر برازیل کی حکومت اور فیفا کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔

جروم ویکلے نے کہا ہے ’الکوحل سے متعلق مشروبات فیفا ورلڈ کپ کا حصہ ہیں اور ہم انہیں شامل کرنے جارہے ہیں۔ معاف کیجیے گا میں کچھ زیادہ ہی تُرش ہوگیا ہوں لیکن یہ کچھ ایسا معاملہ ہے جس پر ہم بات نہیں کریں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمیں بیئر فروخت کرنے کا حق حاصل ہے اور اسے قانون کا حصہ بنانا ہی ہوگا‘۔

برازیل کے فٹبال کے تمام سٹیڈیم میں الکوحل کی فروخت پر سنہ دو ہزار تین میں اس وقت پابندی عائد کی گئی تھی جب فٹبال کے مداحوں کے حریف گروپوں میں تصادم ہوا تھا۔

وزیر صحت الیگزینڈر پاڈلہا اور کانگریس کے دیگر اراکین نے برازیل میں فٹبال کے سٹیڈیمز پر الکوحل سے متعلق مشروبات کی فروخت پر پابندی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسی بارے میں