اعصام آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 21 جنوری 2012 ,‭ 16:04 GMT 21:04 PST

اعصام الحق نے پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن کے تیسرے مرحلے میں جگہ بنائی ہے

پاکستان کے اعصام الحق اور ڈبلز مقابلوں میں ان کے نئے ساتھی ژان جولین راجر سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس مقابلے آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

سنیچر کو میلبرن میں ہونے والے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں اعصام اور جولین نے جرمنی کے فلپس مارکس اور کینیڈا کے عادل شمس دین کی جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں سات چھ اور چھ چار کے سکور سے شکست دی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ اعصام الحق نے آسٹریلین اوپن کے تیسرے مرحلے تک رسائی حاصل کی ہے۔ گزشتہ برس انہیں پہلے ہی مرحلے میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

اس ٹورنامنٹ میں اعصام اور جولین کی جوڑی کو درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور انہوں نے پہلے مرحلے میں کروشیا کے ایوان لوبچ اور جرمنی کے سیڈرک سٹیب کو بھی سٹریٹ سیٹس میں ہرایا تھا۔

اعصام الحق اس ٹورنامنٹ میں مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ اعصام الحق کسی گرینڈ سلام مقابلے میں جولین راجر کے ساتھ کھیل رہےہیں۔

ماضی میں ڈبلز مقابلوں میں ان کا ساتھ بھارت کے روہن پوبنا دیتے رہے ہیں اور یہ جوڑی حال ہی میں الگ ہوئی ہے۔

سنہ دو ہزار سات سے بطور پارٹنرز ٹینس کھیلنے والی اس جوڑی کے ٹوٹنے کی وجہ روہن بوپنا کا ایک اور بھارتی ٹینس کھلاڑی مہیش بھوپتی کے ساتھ جوڑی بنانا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔