’ دوسرا‘ پر مشکل ہوئی: عدنان اکمل

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption عدنان اکمل نے دبئی ٹیسٹ میں اکسٹھ رنز کی اہم اننگز کھیلنے کے علاوہ دونوں اننگز میں سات کیچز لیے تھے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر عدنان اکمل کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کی گیند ’دوسرا‘ پر کیپنگ کرتے ہوئے انہیں مشکل ہوئی جس پر انہوں نے فیلڈنگ کوچ اعجاز احمد کی مدد سے قابو پایا۔

عدنان اکمل نے دبئی ٹیسٹ میں اکسٹھ رنز کی اہم اننگز کھیلنے کے علاوہ دونوں اننگز میں سات کیچز لیے تھے۔

عدنان اکمل نے پیر کو زید کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سعید اجمل کی’دوسرا‘ پر کیپنگ کرتے ہوئے مشکل ہوئی تو انہوں نے اعجاز احمد کی مدد حاصل کی ۔انہوں نے کچھ مختلف ڈرلز کیں جس کا فائدہ انہیں میچ میں ہوا ۔

عدنان اکمل نے سعید اجمل کو دوسرے بولرز سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر لمحہ ان کی گیندوں پر مستعد رہتے ہیں اور ہر وقت ان کا ہاتھ اور انگلیاں دیکھتے رہتے ہیں کہ ان کا رخ کس طرف ہے۔

کیا سعید اجمل کی بولنگ پر اشارے بھی سیٹ کر رکھے ہیں؟ اس سوال پر عدنان اکمل نے فوراً جواب دیا کہ اگر اشارے ہی سیٹ کرنے ہیں تو پھر کیپنگ کا کیا فائدہ؟

دبئی ٹیسٹ میں اکسٹھ رنز کی اہم اننگز کے بارے میں عدنان اکمل کا کہنا ہے کہ انہیں ڈریسنگ روم میں کوئی خاص ہدایت نہیں ملی تھی صرف اتنا ہی کہا گیا تھا کہ پہلے سیٹ ہوجاؤ پھر شاٹس کھیلنا۔

عدنان اکمل کہتے ہیں کہ دونوں بھائیوں کامران اور عمر کی طرح ان کی بھی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ پاکستان کی کیپ سر پر سجائیں۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے تھے اور انہیں یقین تھا کہ وہ ضرور پاکستان کے لیے کھیلیں گے۔

عدنان کا کہنا ہے کہ تینوں بھائی ایک دوسرے کی خامیوں کو دور کرنے کے لیےآپس میں بات کرتے رہتے ہیں۔

عدنان نے کہا کہ کامران اکمل نے کبھی انہیں اپنے لیے خطرہ محسوس نہیں کیا بلکہ ہر قدم پر رہنمائی کی۔

اسی بارے میں