پیٹرا آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں

Image caption پیٹرا کویٹووا اب سیمی فائنل میں روس کی ماریہ شراپوا کا مقابلہ کریں گی

خواتین ومبلڈن چیمپئین پیٹرا کویٹووا سارہ ایرانی کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔

پیٹرا کویٹووا نے دو گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد سارہ کو چھ چار، چھ چار سے شکست دی۔

پیٹرا کویٹووا نے میچ جیتنے کے بعد اپنی حریف سارہ کے بارے میں کہا ’مجھے امید تھی کہ آج کا میچ بہت سخت ہو گا اور سارہ نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔‘

پیٹرا کویٹووا اب سیمی فائنل میں روس کی ماریہ شراپووا کا مقابلہ کریں گی۔

واضح رہے کہ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے گزشتہ سال جولائی میں ومبلڈن ٹورنامنٹ کے فائنل میں ماریہ شراپووا کو شکست دے کر پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا۔

دوسری جانب روس کی شراپووا نے اپنی ہم وطن مکاروا کو شکست دی۔ یہ شراپووا کی اپنے حریف کے خلاف مسلسل تیسری فتح تھی۔

دریں اثناء آسٹریلین اوپن کے مردوں کے مقابلوں میں برطانیہ کے اینڈی مری نے کوارٹر فائنل میں نشی کوری کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اس فتح کے بعد اینڈی مری مسلسل تیسری بار آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل تک پنچنے میں کامیاب ہوئے۔

میچ جتینے کے بعد اینڈی مرے نے کہا ’ یہ ایک اچھا لیکن سخت مقابلہ تھا جو تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہا۔‘

واضع رہے کہ اینڈی مری نے گزشتہ برس نشی کوری کو شنگھائی ماسٹرز میں بھی شکست دی تھی۔

اسی بارے میں