ایڈیلیڈ: آسٹریلیا مضبوط پوزیشن میں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف تین سو بیاسی رنز کی برتری حاصل ہے

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو بھارت پر تین سو بیاسی رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پچاس رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پہلی اننگز میں ڈبل سنچریاں بنانے والے رکی پونٹنگ اور مائیکل کلارک کریز پر موجود ہیں اور انہوں نے بالترتیب ایک اور نو رنز بنائے تھے۔

پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی آسٹریلیا کے ابتدائی تین کھلاڑی چالیس رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وارنر تھے، انہوں نے اٹھائیس رنز بنائے۔ شان مارش صفر اور ایڈورڈ کوون دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے دوسری اننگز میں دو اور ظہیر خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں دو سو بہتّر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو سولہ رنز بنائے۔

بھارت کے دوسرے نمایاں بلے باز پرسانتا ساہا رہے، انہوں نے پینتیس رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لیے ایک سو چودہ رنز کی شراکت قائم کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹرسڈل نے پانچ، ہلفیناس نے تین جبکہ نیتھن لیون اور ہیرس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سریز میں آسٹریلیا کو تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

اسی بارے میں