ندال فیڈرر کو ہرا کر فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یہ دوسرا موقع ہے کہ ندال آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں

سپین کے رافیل ندال نے سوئٹزلینڈ کے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

میلبرن میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں فیڈرر نے پہلے سیٹ میں سات چھ سے کامیابی حاصل کی لیکن ندال نے اگلے تینوں سیٹ جیت کر میچ جیت لیا۔

عالمی نمبر دو ندال نے دوسرا سیٹ چھ دو، تیسرا سات چھ جبکہ چوتھا چھ چار کے سکور سے جیتا۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ ندال آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے سنہ دو ہزار نو میں فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور یہ مقابلہ بھی جیتا تھا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں ندال کا مقابلہ اینڈی مرے اور عالمی نمبر ایک نواک جاکووچ کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے کے فاتح سے ہوگا۔

خواتین کے مقابلوں میں روس کی ماریہ شراپووا اور بیلاروس کی وکٹوریہ ازرنیکا نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

روس کی ماریہ شراپووا نے سیمی فائنل میں ومبلڈن چیمپئین پیٹرا کوویٹوا کو چھ تین، تین چھ اور چھ چار سے شکست دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ماریہ شراپووا نے سیمی فائنل میں ومبلڈن چیمپئین پیٹرا کوویٹوا کو ہرایا

میچ کے بعد شراپووا نے تسلیم کیا کہ اس میچ میں وہ اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کر سکیں۔

دوسری جانب ازرینکا نے سیمی فائنل میں کِم کلائسٹرز کو سخت مقابلے کے بعد چھ چار، ایک چھ اور چھ تین سے شکست دی۔

وکٹوریہ ازرینکا آسٹریلین اوپن جتینے کی صورت میں ٹینس کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ جائیں گی۔ واضح رہے کہ ازرینکا ٹینس کی موجودہ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

آسٹریلین اوپن میں خواتین کا فائنل سینچر کو گرینچ وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں