اولمپکس گاؤں کا انتظام منتظمین کے حوالے

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر ڈینی بوئیل اولمپکس کی افتتاحی جبکہ ڈائریکٹر کم گیون اختتامی تقریب کے میزبان کریں گے

لندن اولمپکس کے منتظمین ایک تقریب کے دوران ان کھیلوں کے لیے تیار کیے گئے ’اولمپکس گاؤں‘ کا انتظام چھ ماہ کے لیے سنبھالیں گے۔

اولمپکس گاؤں میں دو ہزار آٹھ سو اٹھارہ فلیٹس بنائے گئے ہیں جہاں دو سو ممالک کے سولہ ہزار ایتھلیٹس قیام کریں گے۔

ان ایتھلیٹس کے لیے اس اولمپکس گاؤں میں چونسٹھ ہزار بستر کی چادریں، گیارہ ہزار صوفے، ایک لاکھ ستر ہزار کوٹ ہینگرز اور پانچ ہزار ٹوائلٹ برش رکھے جائیں گے۔

منتظمین جمعہ کو لندن اولمپکس کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات کی تفصیلات بتائیں گے۔

اولمپکس کے منتظمین نے لوکوگ کمپنی کے برطانوی ہنر مندوں پر مشتمل کی ایک ٹیم تیار کی ہے۔

آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر ڈینی بوئیل اولمپکس کی افتتاحی جبکہ ڈائریکٹر کم گیون اختتامی تقریب کی میزبانی کریں گے۔

مسٹر بوئیل اور افتتاحی تقریب کے ایگزیکٹو پروڈیوسر سٹیفن ڈالڈری کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ افتتاحی تقریب میں بیس ہزار افراد کے ہمراہ ایک شو بھی پیش کریں گے۔

دریں اثناء برطانوی کمپنی لوکوگ کی تقریبات کے سربراہ مارٹن گرین نے بی بی سی کو بتایا کہ منتظمین کا تقریب کی تفصیلات کو خفیہ رکھنے کا کوئی ارارہ نہیں ہے۔

انہوں نے بی بی سی کے نامہ نگار شون پِیل کو بتایا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ پورا ملک لندن اولمپکس کے ساتھ مربوط رہے۔‘

دوسری جانب اولمپک ڈلیوری اتھارٹی (او ڈی اے) کے جان نکولسن کا کہنا ہے کہ اولمپک گاؤں میں باسٹھ عمارات، تین ہزار اپارٹمنٹس، ایک پولی کلینک اور ایک سکول بھی قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کا مقصد لندن اولمپکس میں حصہ لینے والے ایتھلیٹس کی ضروریات کا پورا خیال رکھنا ہے۔

اولمپک گاؤں میں قائم کیے گئے ایک ریستوران سے روزانہ چوبیس گھنٹے ساٹھ ہزار قسم کے مختلف کھانے تیار کیے جائیں گے اور اس میں پانچ ہزار کرسیاں رکھی گئی ہیں۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لندن اولمپکس کے دوران اس ریستوران کے لیے پچیس ہزار ڈبل روٹیاں، دو سو بتیس ٹن آلو، پچھہتر ہزار لیٹر دودھ اور تین سو تیس ٹن سے زیادہ پھل اور سبزیاں حاصل کی جائیں گی۔

اولمپکس گاؤں میں ایک پلازہ بھی تعمیر کیا گیا ہے جس میں ایتھلیٹس اور مہمانوں کے لیے کیفے، جنرل سٹور، بینک، بیوٹی سیلون، انٹرنیٹ لاؤنج اور انٹرٹینمنٹ سینٹر بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ اولپمکس گاؤں میں بلڈنگ اپارٹمنٹس کے ہمراہ کھیلوں کے میدان، باغ، بالکونیاں اور گیارہ رہائشی پلاٹس، تعلیمی کیمپس اور ایک جدید ترین کلینک بھی قائم کیا گیا ہے۔

منتظمین کے مطابق اولمپکس کے بعد اس گاؤں کو قابلِ قبول ہاؤسنگ کمیونٹی میں بدل دیا جائے گا۔

لوکوگ کمپنی کے چیئرمین سِبکو کےمطابق اولمپک گاؤں میں ایتھلیٹس کے لیے گھر جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ایک اندازے کے مطابق لندن اولمپکس کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کو چار ارب افراد ٹی وی پر دیکھیں گے۔

اسی بارے میں