آئی پی ایل: جدیجہ سب سے مہنگے کھلاڑی

روندر جدیجہ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption روندر جدیجہ سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے

انڈین پریمیئر لیگ کے پانچویں سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی میں بھارتی کھلاڑی روندر جدیجہ سب سے مہنگے کھلاڑی کے طور پر خریدے گئے ہیں۔

چنئی سپر کنگز نے ان کی خدمات حاصل کرنے کے لیے تقریباً دس کروڑ روپے کی کامیاب بولی دی ہے۔

جدیجہ کے بعد سب سے مہنگے فروخت ہونے کھلاڑیوں میں دوسرا نام سری لنکا کے مہیلا جیا وردھنے کا ہے جنہیں دلی ڈیئرڈیولز نے تقریباً سات کروڑ روپے میں خریدا ہے۔

آئی پی ایل کے اس سیزن کی نیلامی میں گیارہ ممالک سے ایک سو چوالیس کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔

روندر جدیجہ اور مہیلا جیا وردھنے کے علاوہ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین برینڈن میککلم کو تقریباً پانچ کروڑ روپے اور پارتھو پٹیل کو تقریباً ساڑھے تین کروڑ روپے میں خریدا گیا۔

سری لنکا کے مشہور آف سپنر مرلی دھرن کو رائل چیلنجرز بنگلور نے ایک کروڑ روپے سے زیادہ میں خریدا۔ مرلی دھرن اس سے قبل چنئی سپر کنگز اور کوچی ٹسکرز جیسی ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر مشیل جانسن کو ممبئی انڈینز نے ایک کروڑ چار لاکھ روپے میں خریدا۔

بھارتی بیٹسمین وی وی ایس لکشمن جو حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں خاص کارگردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے تھے اس نیلامی میں کسی خریدار کو متاثر نہیں کر پائے۔ وہ ماضی میں آئی پی ایل کی دو ٹیموں کوچی ٹسکرز اور دکن چارجرز کے لیے کھیل چکے ہیں۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن، ایان بیل اور روی بوپارا ویسٹ انڈیز کے رام نریش سرون اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی مارک باؤچر کو کسی نے نہیں خریدا۔

آئی پی ایل کی اس نیلامی میں کل آٹھ بھارتی کھلاڑی تھے جن میں وی وی ایس لکشمن، آر پی سنگھ، سریناتھ، روندر جدیجہ، رمیش پوار، پارتھو پٹیل، ونے کمار اور وی آر وی سنگھ کے نام شامل ہیں۔

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر کھلاڑی اظہر محمود کو بھی آئی پی ایل کی نیلامی کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن ان کا نام بطور انگلش کھلاڑی نیلامی کا حصہ تھا کیونکہ وہ اب انگلینڈ میں رہائش پذیر ہیں۔

اسی بارے میں