شعیب کی شمولیت بولنگ کی بنیاد پر: مصباح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعیب ملک کو ان کی بولنگ کے سبب ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مصباح الحق نے جمعرات کے روز شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ حالیہ میچوں میں شعیب ملک بیٹنگ میں ناکام رہے ہیں لیکن بولنگ میں ان کی کارکردگی اچھی رہی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز دیکھتے ہوئے انہوں نے شعیب کو ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست سلیکٹرز سے کی تھی۔

مصباح الحق سے پوچھا گیا کہ ٹیم میں پہلے سے موجود سعید اجمل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کے ہوتے ہوئے شعیب ملک کس طرح جگہ بناسکیں گے تو ان کا جواب تھا کہ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی شعیب ملک ان تینوں کرکٹرز کے ہوتے ہوئے بھی کھیلے تھے اور بولنگ میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جس طرح بیٹنگ مشکل میں نظر آئی تو امید ہے کہ شعیب ملک کے آنے سے بیٹنگ بھی بہتر ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے منگل کے روز انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے جن ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان کیا تھا ان میں شعیب ملک شامل نہیں تھے لیکن اُسی روز کچھ دیر بعد انہیں دونوں ٹیموں میں شامل کر لیا گیا۔

سلیکشن کمیٹی نے شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کرنے کے بارے میں واضح کردیا تھا کہ کپتان مصباح الحق کی درخواست پر انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ زمبابوے، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف شعیب ملک نے آٹھ میچوں کی چھ اننگز میں دو بار صفر پر آؤٹ ہو کر مجموعی طور پر صرف پنتیس رنز بنائے ہیں جبکہ ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد پانچ رہی۔

یاد رہے کہ شعیب ملک کے بارے میں پاکستان کے تین سابق منیجرز اور کوچ منفی رپورٹ دے چکے ہیں۔

وہ کافی عرصے سے پاکستانی ٹیم سے باہر ہیں اور گزشتہ سال ان کی ٹیم میں واپسی کو غیرجانبدار حلقے سیاسی اثرورسوخ کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

اسی بارے میں