ایڈیلیڈ:سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ٹائی

دھونی تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption دھونی نے اٹھاون رنز کی اہم اور ناقابلِ شکست اننگز کھیلی

آسٹریلیامیں جاری سہ فریقی کرکٹ سیریز میں بھارت اور سری لنکا کا میچ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا ہے۔

میچ کی آخری گیند پر بھارت کو فتح کے لیے چار رن درکار تھے لیکن کپتان مہندر سنگھ دھونی صرف تین رن ہی بنا پائے۔

تفصیلی سکور کارڈ

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹ کے نقصان پر دو سو چھتیس رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے چندی مل اکیاسی رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹاپ سکورر رہے۔ ان کے علاوہ کپتان مہیلا جیاوردھنے نے تینتالیس رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ونے کمار نے تین، ایشون نے دو اور عرفان پٹھان نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ تین سری لنکن کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

دو سو سینتیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے اوپنر گوتم گھمبیر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم ایک مرتبہ پھر وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور اکیانوے رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

ان کے علاوہ کپتان دھونی نے اٹھاون رنز کی اہم اور ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور آخر تک کریز پر موجود رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے تشارا پریرا اور لستھ ملنگا نے دو، دو اور کلاسیکرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سیریز میں اب تک بھارت اور آسٹریلیا نے دو، دو جبکہ سری لنکا نے ایک میچ جیتا ہے اور یہ پانچواں میچ ٹائی ہوگیا ہے۔

اسی بارے میں