اولمپکس کے عجائب گھر میں چوری

اولمپیا کا عجائب گھر تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption عجائب گھر سے چوری ہونے والی اشیاء کی قیمت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا

یونان میں حکام نے بتایا ہے کہ مسلح ڈاکوؤ ں نے اولمپکس کی جائے پیدائش شہر قدیم اولمپیا کے عجائب گھر سے درجنوں نوادرات چوری کر لیے ہیں۔

حکام نےبتایا کہ دو نقاب پوشوں نے چوکیداروں پر قابو پانے کے بعد شیشے کے شو کیس توڑ دیے۔ شہر کے میئر نے نوادرات کے بارے میں صرف اتنا بتایا کہ ان کی قیمت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ انہوں نے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

ملک کے وزیر ثقافت نے اس واقعے کے بعد استعفی دے دیا ہے جو فوری طور پر قبول نہیں کیا گیا تھا۔ وہ چوری کی اطلاع ملتے یی مغربی یونان کے مذکورہ شہر کی طرف روانہ ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ ساٹھ اشیا چوری کی گئی ہیں جن میں زیادہ تر کانسی اور مٹی کے مجسمے تھے۔

قدیم اولمپیا میں دو عجائب گھر ہیں جن میں ایک اولمپیا کا آثار قدیمہ کا عجائب گھر ہے جہاں قدیم اولمپیا کی پرانی عبادتگاہوں سے حاصل کی گئی یونان کی قیمتی ترین نوادرات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بلدیہ کا عجائب گھر ہے۔

اس بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں کہ چوری کس عجائب گھر سے ہوئی۔ بی بی سی نے یونان رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

جمعہ کو ہونے والی یہ چوری گزشتہ دو ماہ میں یونان میں ایسا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے ایتھنز کی نیشنل گیلری سے پکاسو کی وہ پینٹنگ چوری ہو گئی تھی جو انہوں نے خود یونان کو دی تھی۔

اسی بارے میں