انڈیا کو شکست، آسٹریلیا فائنل میں

آسٹریلیا کی ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption آسٹریلیا نے بھارت کے سامنے دو سو تریپن رنوں کا ہدف رکھا تھا

آسٹریلیا کے سڈنی گراؤنڈ میں بھارت کو ستاسی رنز سے شکست دے کر آسٹریلیا ون ڈے سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

ٹاس جیت کر پہلے بلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے بھارت کے سامنے دو سو تریپن رنز کا ہدف رکھا تھا۔ جبکہ بھارت دس وکٹوں کے نقصان پر صرف ایک سو پینسٹھ رنز ہی بنا سکا۔

بھارت کے بلے باز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ وریندر سہواگ پانچ رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ سچن تندلکر، گوتم گمبھیر، وراٹ کوہلی اور سریش رینا بھی کچھ خاص کرپانے میں ناکام رہے۔

سیریز کے ابتدائی دور میں اکیلے اپنے دم پر بھارت کو جیت دلانے والے کپتان مہندر سنگھ دھونی ہلفیناس کی گیند پر چودہ رنز پر ایل بی ڈبلو آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کے نواسی رنز کے سکور پر پانچ بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔

حالانکہ بھارت کے آخری بلے بازوں نے صورتحال سنبھالنے کی کوشش کی۔عرفان پٹھان نے شاندار دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سےبائیس رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے گیند باز ہلفیناس ، واٹسن، اور ڈوہرٹی نے دو دو وکٹ لیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 68 اور میتھیو ویڈ نے چھپن رنز بنائے۔ ڈیوڈ نے ان کا بھرپور ساتھ نبھاتے ہوئے چون رنز کی اننگ کھیلی۔

ویرندر سہواگ نے آخری اورز میں اچھی گیند بازی کرتے ہوئے تین وکٹ حاصل کیے۔