بھارت کی جیت، بونس پوائنٹ حاصل کر لیا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں سہہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے ہرا کر بونس پوائنٹ حاصل کر لیا ہے۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو تین سو اکیس رنز کا ہدف دیا۔ لیکن بھارت کی جانب سے ورت کوہلی نے 86 گیندوں پر 133 رنز سکور کر کے 36.4 اوورز ہی میں سکور مکمل کر لیا۔

بھارت کو اس ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے بونس پوائنٹ درکار تھا جس کے لیے اس کو ہدف چالیس اوورز کے اندر حاصل کرنا تھا۔

تاہم بھارت کو فائنل میں پہنچنے کے لیے ضروری ہے کہ آسٹریلیا بھی سری لنکا کی جانب سے دیے جانے والے ہدف کو چالیس اوورز میں حاصل کرے۔ ایسا اگر نہیں ہوتا تو فائنل آسٹریلیا اور سری لنکا کے مابین ہو گا۔

بھارت کے اوپنرز سہواگ اور سچن تندولکر نے اچھا اور تیز آغاز دیا۔ لیکن سچن ایک بار پھر اپنی سوویں سنچری بنانے میں ناکام رہے اور وہ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سہواگ صرف تیس رنز سکور کر سکے۔ گمبھیر اور کوہلی نے تیسری وکٹ کی عمدہ شراکت کی اور ایک سو بیس رنز سکور کیے۔ گمبھیر 63 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے کوہلی دو چھکوں اور سولہ چوکوں کی مدد سے 86 گیندوں میں 133 رنز سکور کیے۔ ان کا ساتھ سریش رائنا نے دیا جو 40 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوہلی کی شاندار بیٹنگ کا شکار ہوئے سری لنکا کے فاسٹ بالر ملنگا جن کے ایک اوور میں کوہلی نے چوبیس رنز سکور کیے۔ ملنگا نے 96 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز میں 320 رنز سکور کیے جس میں سنگاکارا اور دلشان کی سنچریاں شامل تھیں۔ سنگاکارا نے 105 رنز بنائے جبکہ دلشان 160 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 200 رنز بنائے۔

اسی بارے میں