میلبرن: سری لنکا ٹورنامنٹ کے فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption لستھ ملنگا چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب سری لنکن بولر رہے

آسٹریلیا میں جاری سہ فریقی کرکٹ سیریز کے ایک اہم میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو نو رن سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

آسٹریلیا پہلے ہی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ چکا ہے اور فائنل تک رسائی پانے کے لیے سری لنکا کا اس میچ میں فتح حاصل کرنا لازم تھا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں دو سو اڑتیس رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل، کمارا سنگاکارا اور تھریمان نے نصف سنچریاں بنائیں۔ چندی مل پچھہتر رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈینئل کرسچیان نے پانچ وکٹیں لیں جن میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ ان کے علاوہ پیٹنسن نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر دو سو انتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات ڈیوڈ ہسی کی عمدہ بیٹنگ تھی، انہوں نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے چوہتر رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے دوسرے نمایاں بلے باز شین واٹسن تھے جو پینسٹھ رنز بنا کر ملنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے ملنگا نے چار اور کلاسیکرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سیریز کا فائنل بیسٹ آف تھری کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور اس سلسلے کا پہلا میچ اتوار کو ہوگا۔

اسی بارے میں