دبئی: اینڈی مرے نے یوکووچ کو ہرا دیا

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 2 مارچ 2012 ,‭ 18:06 GMT 23:06 PST
فائل فوٹو

ان دو کھلاڑیوں کی آخری ملاقات آسٹریلیئن اوپن کے سیمی فائنل میں ہوئی تھی اور نوواک یوکووچ وہ میچ جیت گئے تھے۔

برطانوی ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے نے دبئی میں کھیلے جا رہے دبئی چیمپیئنشپ کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک نوواک یوکووچ کو ہرا دیا ہے۔

اینڈی مرے نے یہ فتح یکے بعد دیگرے سیٹوں میں حاصل کی اور اس جیت کے ساتھ وہ سنہ دو ہزار بارہ میں نوواک یوکووچ کو شکست دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ایک گھنٹہ بائیس منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ کے دوران اینڈی مرے نے عالمی نمبر ایک کی سروس دو مرتبہ ہر سیٹ میں توڑ کر چھ - دو اور سات - پانچ سے برتری حاصل کی۔

میچ کے بعد اینڈی مرے کا کہنا تھا ’ظاہر ہے کہ عالمی نمبر ایک کو شکست دینا ایک بڑی کامیابی ہے۔ میچ کے دوران میں نے بس وہی سب کرنے کی کوشش کی جو میں نے آسٹریلیا میں کیا تھا۔‘

واضح رہے کہ ان دو کھلاڑیوں کی آخری ملاقات آسٹریلیئن اوپن کے سیمی فائنل میں ہوئی تھی اور چار گھنٹے پچاس منٹ تک جاری رہنے والے اس تاریخی میچ کے پانچوے سیٹ میں نوواک یوکووچ کامیاب ہوئے تھے۔

اینڈی مرے کا کہنا تھا ’آسٹریلیا میں بھی، میں ٹینس کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کو ہرانے کے بہت قریب تھا اور آج میں نے وہ سب کیا جو مجھے کرنا چاہیے تھا۔‘

میچ کے بعد یوکووچ نے اپنی ہار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مرے نے آج ان سے بہتر کھیلا اور وہ ایک بہتر کھلاڑی سے ہار گئے ہیں۔

انہوں نے کہا ’یہ سال کا آغاز ہے اور ابھی درجنوں دیگر اہم ٹورنامنٹ رہتے ہیں جن کے لیے مجھے تیاری کرنی ہو گی۔‘

دبئی چیمپیئنشپ کا فائنل راجر فیڈرّر اور اینڈی مرے کے مابین سنیچر کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔