خواتین کبڈی ورلڈ کپ، بھارت عالمی چیمپئن

فائل ففوٹو، کبڈی میچ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بھارت نے ایک دلچپسپ مقابلے کے بعد ایران کو شکست دے کر خواتین کا پہلا کبڈی ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔

بھارت کی خواتین کبڈی ٹیم نے ورلڈ کپ چیمپئن شپ کپ کا فائنل میچ انیس کے مقابلے میں پچیس پوائنٹ سے جیتا۔

بھارت کی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں خواتین کے پہلے کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد ہوا۔

فائنل میچ میں بھارت کو ابتداء سے ہی برتری حاصل تھی اور میچ کے وقفے پر گیارہ کے مقابلے میں اسے انیس پوائنٹ حاصل تھے۔

کبڈی برصغیر کا روایتی کھیل ہے اور یہ مٹی یا گھاس کے میدان میں کھیلا جاتا ہے۔

اس کھیل کے دوران دونوں ٹیمیں باری باری اپنا ایک کھلاڑی دوسری ٹیم کے میدان یا حدود میں بھیجتی ہیں اور اس نے پوائنٹ حاصل کرنے کے لیے مخالف ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ہاتھ لگا کر اپنی حدود میں کامیابی سے واپس آنا ہوتا ہے۔

اس دوران مخالف ٹیم کے نامزد کردہ یا آدھی ٹیم اس کھلاڑی کو واپس اپنی حدود میں جانے سے روکنے کی کوشش کرتی ہیں۔

اس دوران مخالف ٹیم کی حدود میں آنے والے کھلاڑی کو بغیر سانس لیے مسلسل کبڈی کبڈی کہنا ہوتا ہے۔

اس سے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جاپان کو اکیس کے مقابلے میں ساٹھ پوائنٹ سے جبکہ ایران نے تھائی لینڈ کو چھبیس کے مقابلے میں چھیالیس پوائنٹ سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں