’بھارت اور سری لنکا کے خلاف مقابلہ مشکل‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارت اور سری لنکا کے خلاف مقابلہ آسان نہیں ہو گا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق نے کہا ’میرے خیال میں جس طرح کی کرکٹ دونوں ٹیموں نے آسٹریلیا میں کھیلی ہے، ان کے خلاف مقابلہ سخت ہوگا کیونکہ دونوں ٹیموں نے وہاں اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔‘

واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا دونوں آسٹریلیا کا دورہ کر کے آ رہے ہیں جہاں بھارت، آسٹریلیا سے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز چار - صفر سے ہار گئی تھی جبکہ سری لنکا کو سہ ملکی ایک روزہ سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بھارت اور سری لنکا کو شکست سے کوئی نقصان نہیں ہوا بلکہ آسٹریلیا کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے ایشیا کپ میں ان کی پوزیشن باقی ٹیموں کی نسبت زیادہ مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا ’ان کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بہت محنت کرنی ہوگی اور اپنی کارکردگی بہتر کرنی ہوگی۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم حال ہی میں عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ہار گئی تھی جبکہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اس نے انگلینڈ کو تین - صفر سے شکست دی تھی۔

مصباح الحق نے کہا ’باوجود اس کے کہ حال میں بنگلہ دیش میں ہماری کارکردگی اچھی رہی ہے، اس سے زیادہ فرق نہیں پڑتا کیونکہ بھارت اور سری لنکا آسٹریلیا میں کھیل کر آ رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا ’بہت سی ٹیمیں آسٹریلیا میں کھیلنے کے بعد ذہنی طور پر مضبوط ہو جاتی ہیں۔‘

ایشیا کپ کا پہلا میچ گیارہ مارچ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میرپور میں کھیلا جائے گا جبکہ بھارت اور سری لنکا کا مقابلہ منگل کو ہوگا۔

اسی بارے میں