اختر رسول پاکستان ہاکی کے ہیڈ کوچ اور مینیجر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پاکستان کی ٹیم اولمپکس کی تیاری کر رہی ہے

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ مشل وین ڈین کو ان کے عہدے سے برطرف کر کے اختر رسول کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور مینجر مقرر کیا ہے جبکہ خواجہ جنید کوچ بنائے گئے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جمعرات کو لاہور میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طلب کیا تھا جس کا مقصد اولمپکس کے لیے ٹیم کی بہتر تیاری کے مشاورت کرنا تھا۔

اس اجلاس میں حنیف خان، اختر رسول اور خواجہ جنید کو خاص طور پر مدعو کیا گیا۔

طویل اجلاس کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء نے اعلان کیا کہ وہ مشل وین ڈین کو معاہدے کی خلاف ورزی پر ان کے عہدے سے ہٹا رہے ہیں جبکہ اختر رسول کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ اختر رسول نے سنہ انیس سو اٹہتر اور سنہ انیس سو بیاسی کے عالمی کپ میں شرکت کی۔ یہ دونوں ورلڈ کپ پاکستان نے جیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ جنید قومی ٹیم کے کوچ ہوں گے جبکہ اجمل خان اور قومی ٹیم کے سابق گول کیپر شاہد علی خان معاون کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

یاد رہے کہ مشل وین ڈین یہ واضح کر چکے تھے کہ وہ پاکستان کی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاھتے ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ ڈچ کلب سے معاہدہ کر کے انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کیے گئے معاہدے سے خلاف ورزی نہیں کی۔

بھارت میں کھیلی جا رہی ہاکی لیگ میں شرکت کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے بارے میں کیے گیے سوال پر قاسم ضیاء نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا فیصلہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا مؤقف بھی سنا جائے گا۔ان کھلاڑیوں کا معاملہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔