بنگلہ دیش انڈیا سے جیت گیا

مشفق الرحیم تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption کپتان مشفق الرحیم نے تین چھکوں کی مدد سے چھیالیس رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

بنگلہ دیش کے شہر میر پور میں ایشیا کپ کے جس میچ میں سچن تندولکر نے اپنی سوویں سنچری بنائی انڈیا وہ میچ بنگلہ دیش سے ہار گیا ہے۔

انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو سو نواسی رن بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے یہ ہدف پچاسویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

تفصیلی سکور کارڈ

بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے زیادہ سکور تمیم اقبال کا تھا جنہوں نے ستر رن بنائے۔ ان کے علاوہ جہور الاسلام اور ناصر حسین نے نصف سنچریاں بنائیں۔ مشفق الرحیم چھیالیس رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ بھارتی بلے باز سچن تندولکر کی بنگلہ دیش کے خلاف پہلی ایک روزہ سنچری ہے۔ جمعہ کو کھیلے جا رہے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

بھارت کی جانب سے گوتھم گھمبیر اور سچن تندولکر نے اننگز کا آغاز کیا۔ بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف پچیس رنز کے مجموعی سکور پر گوتھم گھمبیر گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد سچن تندولکر اور ویرات کوہلی کے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے ایک سو پینتالیس رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

بھارت کی جانب سے سچن تندولکر نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک سو چودہ رنز بنائے۔ بھارت کے دوسرے نمایاں بلے باز ویرات کوہلی رہے، انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے چھیاسٹھ رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مشرف مرتضیٰ نے دو، شفیح السلام اور عبدالرزاق نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں