میرپور: تندولکر نے سوویں سنچری مکمل کر لی

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

بنگلہ دیش کے شہر میر پور میں ایشیا کپ کے ایک میچ میں بھارتی بلے باز سچن تندولکر نے اپنے کیریئر کی سنچریوں کی سنچری مکمل کر لی ہے۔

سچن تندولکر دنیائے کرکٹ کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ تندولکر نے اس سے پہلے مارچ سنہ دو ہزار گیارہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے کیریئر کی ننانویں سنچری بنائی تھی۔

تفصیلی سکور کارڈ

اپنی سوویں سنچری بنانے کے لیے سچن تندولکر کو ایک سال کا انتظار کرنا پڑا۔ سچن تندولکر ٹیسٹ اور ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پندرہ ہزار چار سو ستر اور ون ڈے میں اٹھارہ ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی بلے باز سچن تندولکر کی بنگلہ دیش کے خلاف یہ پہلی ایک روزہ سنچری ہے۔

اس سے پہلے جمعہ کو کھیلے جا رہے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ بھارت کی جانب سے گوتھم گھمبیر اور سچن تندولکر نے اننگز کا آغاز کیا۔

بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف پچیس رنز کے مجموعی سکور پر گوتم گھمبیر گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد سچن تندولکر اور ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے ایک سو پینتالیس رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

بھارت کی جانب سے سچن تندولکر نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک سو چودہ رنز بنائے۔ بھارت کے دوسرے نمایاں بلے باز ویرات کوہلی رہے، انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے چھیاسٹھ رنز بنائے۔

اسی بارے میں