گال: انگلینڈ کو فتح کے لیے 229 رنز درکار

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

سری لنکا اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو گیارہ رنز بنائے ہیں۔

انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے مزید دو سو انتیس رنز درکار ہیں اور ابھی اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے پہلے بدھ کو سری لنکا نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔

سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور دو سو چودہ رنز پر اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ گئے۔

یوں سری لنکا نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 339 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے سوان چھ وکٹوں کے ساتھ نمایاں بالر رہے، انہوں نے پہلی اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کی تھی۔

339 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی اڑتالیس رنز پر دو وکٹیں گر چکی تھیں تاہم بعد میں ٹرؤٹ اور پیٹرسن نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور تیسرے دن کے اختتام پر دونوں بلترتیب چالیس اور انتیس رنز پر کھیل رہے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption دوسری اننگز میں سوان نے عمدہ بالنگ کراتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں

اس سے پہلے سری لنکا کی پہلی اننگز کی خاص بات جے وردھنے کے ایک سو اسی رنز تھے جو انہوں نے بائیس چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنائے۔

انگینڈ کی پہلی اننگز کا آغاز کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا اور صفر پر اس کی پہلی وکٹ جبکہ بانوے رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

انگلینڈ کے ٹیم میں بیل کے علاوہ کوئی بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹھہر سکا اور ساری ٹیم 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بیل نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے باؤن رنز بنائے۔

سری لنکا کے ہیرتھ چھ وکٹوں کے ساتھ نمایاں بالر رہے۔

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا، اس کے چودہ کے مجموعی سکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

سری لنکا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسی بارے میں