عالمی کپ میں فتح عظیم لمحہ تھا: یووراج

یوراج سنگھ تصویر کے کاپی رائٹ Yuvraj Singh

بھارتی بلے باز یووراج سنگھ نے گذشتہ برس کرکٹ کے عالمی کپ میں بھارت کی فتح کو ایک ’عظیم لمحہ‘ قرار دیا ہے۔

یووراج سنگھ نے حال ہی میں کینسر کا علاج کروایا ہے۔

انہوں نے بھارت کی جیت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ ’خاص طور پر یہ سب سچن تندولکر کی خاطر کیا۔‘

یووراج سنگھ کا کہنا تھا کہ تندولکر جنہوں نے حال ہی میں اپنی سنچریوں کی سنچری مکمل کی ہے ان کے لیے ایک قابلِ تقلید نمونہ ہیں۔

انہوں نے اپنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور بہت جلد بھارت کے لیے کرکٹ کھیلیں گے۔

اس ویڈیو میں تیس سالہ یووراج سنگھ نے سر منڈوا رکھا ہے۔ امریکہ میں دورانِ علاج کئی مرتبہ اُن کی کیموتھراپی کی گئی۔ ان کی واپسی رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔

نو منٹ کی اس ویڈیو میں یووراج سنگھ نے سچن تندولکر کے اُن الفاظ کو یاد کیا جو انہوں نے یووراج سے اُس وقت کہے جب وہ اپنی فٹنس کی وجہ سے پریشان تھے۔ ان کا کہنا تھا سچن کے ہمت افزا الفاظ ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔

سچن تندولکر گذشتہ ہفتے لندن میں یووراج کی خیریت دریافت کرنے بھی گئے تھے۔

یووراج سنگھ کے ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کی تھی۔ انہیں مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز دیا گیا تھا۔

ویڈیو میں یووراج کا اپنی جیت کے بارے میں مزید کہنا تھا کہ ’وہ بھارتی ٹیم کا ایک خواب تھا جو پورا ہوگیا۔‘

ورلڈ کپ کے فوراً بعد ہی اپنی بیماری کے بارے میں علم ہونے پر یووراج کا کہنا تھا ’میں ورلڈ کپ میں فتح کے فوراً بعد اس کی توقع نہیں کر رہا تھا۔‘

’اب میرا علاج ہو گیا ہے اور میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘

ویڈو کے اختتام پر یووراج نے کہا ’میں جلد ہی صحت یاب ہو جاؤں گا اور بھارت کے لیے کھیلوں گا۔‘

یووراج سنگھ کی صحت گذشتہ برس ورلڈ کپ کے دوران خراب ہوئی تھی۔ بھارت نے انیس سو تراسی کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا۔

اسی بارے میں