کولمبو ٹیسٹ، انگلینڈ مضبوط پوزیشن میں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption الیسٹر کک نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے

سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اوپنرز کی سو رن سے زیادہ کی شراکت کے بعد انگلش ٹیم کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔

دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ایک سو چوّن رنز بنائے ہیں اور اسے سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید ایک سو اکیس رنز درکار ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ کی جانب سے اینڈریو سٹراس اور الیسٹر کک نے نصف سنچریاں بنائیں۔ سٹراس آؤٹ ہونے والے واحد انگلش بلے باز ہیں جو اکسٹھ رن بنا کر تلکارتنے دلشان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت الیسٹر کک ستتر اور جوناتھن ٹراٹ پندرہ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں دو سو پچھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو سری لنکا نے چھ وکٹ کے نقصان پر دو سو اڑتیس رنز پر اپنی نامکمل پہلی اننگز شروع کی تو اس کی ساتویں وکٹ بیس رنز کے اضافے کے بعد اس وقت گری جب گریم سوان نے سورج راندیو کو آؤٹ کر دیا۔

نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد اینجلو میتھیوز گریم سوان کی تیسری وکٹ بنے، انہوں نے ستاون رن بنائے۔ سوان نے ہی لکمل کو بولڈ کر کے سری لنکن اننگز کا خاتمہ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سےگریم سوان نے چار، جیمز اینڈرسن نے تین، ٹم بریسنن نے دو اور سٹیون فن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دو میچوں کی اس سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔