چندرپال کی سنچری کے بعد اننگز ڈیکلیئر

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption یہ چندرپال کے ٹیسٹ کیرئر کی چوبیسویں سنچری تھی

برج ٹاؤن میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے چوالیس رنز بنا لیے ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ای کوون کریز پر موجود ہیں اور آسٹریلیا کو ویسٹ انڈین برتری ختم کرنے کے لیے مزید چار سو پانچ رنز درکار ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے قبل شیو نرائن چندرپال کی عمدہ سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ کے نقصان پر چار سو انچاس رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔

چندرپال نے ایک سو تین رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیرئر کی چوبیسویں سنچری تھی جو انہوں نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔

ان کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے لیے براتھویٹ، ایڈورڈز اور براوو نے نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ لوئر آرڈر میں سیمی نے اکتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے وارنر اور ہیرس نے دو، دو جبکہ ہلفنہاس، سڈل، لیون اور واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ پندرہ سے انیس اپریل تک پورٹ آف سپین اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ تیئیس سے ستائیس اپریل تک روزیو میں کھیلا جائے گا۔