بھارت: علاج کے بعد یوراج کی واپسی

یوراج سنگھ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یوراج پیر کی صبح دلی پہنچے

بھارت کے معروف کرکٹ کے کھلاڑي یوراج سنگھ پھیپھڑے کے کینسر کا امریکہ میں علاج کرانے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

یوراج سنگھ کے پھیپھڑے میں کینسر تھا اور اس کے علاج کے لیے وہ گزشتہ جنوری میں امریکہ گئے تھے۔

امریکہ سے وہ پہلے لندن آئے تھے جہاں کچھ روز گزارنے کے بعد وہ پیر کی صبح دلی پہنچے۔ وہ دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے جہاں ان کی ماں شبنم نے ان کا استقبال کیا۔

کیموتھراپی کے سبب ان کے سر پر بال نہیں ہیں اس لیے انہوں نے ایک لال ٹوپی پہن رکھی تھی۔

اپنی روانگي سے قبل انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا تھا’ بالآخر وہ دن آہی گیا، میں کل اپنے گھر واپس جارہا ہوں، بس اب انتظار نہیں کر سکتا کیونکہ خاندان اور دوستوں سے ملنے کے لیے بے تاب ہوں۔‘

ائر پورٹ پر ان کی آمد کے وقت ان کے بہت سے مداح بھی جمع ہوئے تھے اور بھارتی میڈیا بھی بڑی تعداد میں وہاں جمع تھا۔

بھارتی بلے باز یوراج سنگھ نےگزشتہ برس کرکٹ کے عالمی کپ میں بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اورانہیں بہتر کھیل کے لیے مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گيا تھا۔

گزشتہ ہفتے انہوں نے بھارت کی جیت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ وہ بلے باز سچن تیندولکر سے بہت متاثر ہیں اور ورلڈ کپ میں ’خاص طور پر سب کچھ سچن تندولکر کی خاطر کیا تھا۔‘

سچن تندولکر گذشتہ ہفتے لندن میں یوراج کی خیریت دریافت کرنے بھی گئے تھے۔

یوراج سنگھ کی صحت گذشتہ برس ورلڈ کپ کے بعد خراب ہوئی تھی۔ بھارت نے انیس سو تراسی کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا۔

اسی بارے میں