برج ٹاؤن: ویسٹ انڈیز مشکلات کا شکار

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ہلفنہاس نے دوسری اننگز میں ابتدائی تین وکٹیں لی ہیں

برج ٹاؤن میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز نے اکہتر رنز بنائے ہیں اور اس کی پانچ وکٹیں گر چکی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا پر پہلی اننگز میں تینتالیس رنز کی برتری حاصل تھی اور یوں اب اس کی مجموعی برتری ایک سو چودہ رنز ہوگئی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کے دونوں اوپنر باراتھ اور بریتھویٹ تیسرے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کو بین ہلفنہاس نے آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ پانچویں اوور میں گری جب ہلفنہاس نے کرک ایڈورڈز کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ چائے کے وقفے کے بعد ریان ہیرس نے چندرپال کو کیچ کروا کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلوائی۔

آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز ڈیرن براوو تھے جنہیں پیٹر سڈل کی گیند پر میتھیو ویڈ نے کیچ کیا۔

اس سے قبل ریان ہیرس اور نیتھن لیون کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں چار سو چھ رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

ایک موقع پر آسٹریلیا کی نو وکٹیں تین سو انتیس کے مجموعی سکور پر گر گئی تھیں تاہم ریان ہیرس اور نیتھن لیون نے دسویں وکٹ کے لیے ستتر رن کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو ایک مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔

ہیرس نے ناقابلِ شکست اڑسٹھ رنز بنائے جو کسی ٹیسٹ میچ میں نویں نمبر پر کھیلنے والے بلے باز کا سب سے زیادہ سکور ہے۔ لیون چالیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے تین اور فیڈل ایڈورڈز اور ڈیرن سیمی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

یہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ پندرہ سے انیس اپریل تک پورٹ آف سپین اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ تیئیس سے ستائیس اپریل تک روزیو میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں