آسٹریلیا نے پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ہلفنہاس دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے

برج ٹاؤن میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

ویسٹ انڈیز نے میچ کے آخری دن فتح کے لیے آسٹریلیا کو ایک سو بانوے رنز کا ہدف دیا جو اس نے سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے باون رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ان کے علاوہ مائیکل ہسی نے بتیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیونرائن نے چار جبکہ کیماروچ نے دو وکٹیں لیں۔

پانچویں دن جب کھیل شروع ہوا تو ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر اکہتر رنز سے شروع کی اور اس کی پوری ٹیم ایک سو اڑتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا پر پہلی اننگز میں تینتالیس رنز کی برتری حاصل تھی اور یوں اس کی مجموعی برتری ایک سو اکیانوے رنز ہوگئی۔

دوسری اننگز میں ڈیرن براوو بتیس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ہلفنہاس نے چار، ریان ہیرس نے تین، پیٹر سڈل نے دو جبکہ شین واٹسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں چندرپال کی عمدہ سنچری کی بدولت چار سو انچاس رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ کے نقصان پر چار سو چھ رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

یہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ تھا۔ سیریز کا دوسرا میچ پندرہ سے انیس اپریل تک پورٹ آف سپین اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ تیئیس سے ستائیس اپریل تک روزیو میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں