روزاؤ: آسٹریلیا کو 310 رنز کی برتری

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے نصف سنچری سکور کی

ڈومینیکا کے شہر روزاؤ میں کھیلے جا رہے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں چھ وکٹ پر دو سو رنز بنا لیے۔

اس طرح اسے ویسٹ انڈیز پر تین سو دس رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور اس کی چار وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تیسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو مائیک ہسی سترہ اور ریان ہیرس چار رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی خاص بات اوپٹر کوون اور سابق کپتان رکی پونٹنگ کی نصف سنچریاں تھیں۔ کوون پچپن اور پونٹنگ ستاون رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شلنگفرڈ، کیمار روچ اور دیونرائن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پہلے مقامی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے شین شلنگفرڈ اب تک میچ میں آٹھ وکٹیں لے چکے ہیں۔

اس سے قبل تیسرے دن ویسٹ انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں دو سو اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیو نرائن چندر پال کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ چندر پال نے نصف سنچری بنائی، وہ آؤٹ ہونے والے آخری ویسٹ انڈین کھلاڑی تھے۔

نیتھن لیون چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب آسٹریلوی بولر رہے۔ ان کے علاوہ سٹارک نے دو جبکہ ہلفنہاس،ہیرس اور وارنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں میتھیو ویڈ کی شاندار سنچری کی بدولت تین سو اٹھائیس رنز بنائے تھے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی پہلی سنچری تھی۔

تین میچوں کی اس سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے بارباڈوس میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش سے متاثر ہوا تھا اور بے نتیجہ رہا تھا۔

اسی بارے میں