لندن اولمپکس: میزائلوں کی تنصیب پر غور

برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ لندن اولمپک کھیلوں کے دوران حفاظتی اقدامات کے تحت زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل رہائشی فلیٹوں کی چھتوں پر نصب کرنے کے بارے میں غور کررہا ہے۔

مشرقی لندن کی ایک عمارت میں مقیم افراد میں ایک پرچہ تقسیم کیا گیا ہے جس میں تحریر ہے کہ کھیلوں کے دوران حفاظتی انتظامات کے تحت فوج کو تعینات کیا جاسکتا ہے۔

برطانوی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فضائی دفاع کا حصہ ہے اور ہو سکتا ہے کہ یہ ایک عمارت کی چھت پر واقع پانی کی ٹنکی پر نصب کیا جائے جس میں سات سو افراد رہائش پذیر ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ کھیلوں کے دوران فضائی دفاع کا نظام زمین پر نصب کیا جانا چاہیے یا کسی عمارت پر۔

تاہم جو پرچہ تقسیم کیا گیا ہے اس کے مطابق دو سے سات مئی کے دوران مسلح افواج کے اراکین اس عمارت پر مشق کرنے پہنچیں گے جہاں پرچہ تقسیم کیا گیا ہے۔

پرچے میں مزید تحریر ہے کہ دو سے دس مئی کے دوران مسلح افواج کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ’بڑے پیمانے پر قومی مشقیں‘ کی جائیں گی جس میں پولیس کو اولمپک کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے میں مدد دی جائے گی۔

’اور اگر حکومت نے کھیلوں کے دوران میزائل نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا تو فوج کو باضابطہ طور پر دو ماہ کے لیے تعینات کیا جا سکتا ہے۔‘

اس پرچہ میں وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ نصب کیے جانے والے میزائل کی نگرانی تربیت یافتہ فوج کرے گی اور اس سے وہاں مقیم افراد کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا اور میزائل اسی صورت میں چلایا جائے گا جب شدید خطرے کے پیشِ نظر حکومت کے اعلٰی حکام کی جانب سے احکامات دیے جائیں گے۔

نشاندہی کی گئی عمارت کے رہائشی صحافی برائن وہیلن کا کہنا ہے ’وہ اگلے ہفتے میزائل فائر کرنے کا تجربہ کرنے والے ہیں جو ہمارے اپارٹمنٹ کے بالکل اوپر چھت پر ہوگا اور عقبی جانب پولیس اور فوج تعینات رہے گی وہ بھی دو ماہ تک۔‘

انہوں نے مزید کہا ’یہ ایک نجی عمارت ہے لیکن وزارتِ دفاع کے پرچے کے مطابق اس علاقے میں یہ عمارت موزوں مقام ہے۔‘

وزارتِ دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج کی جانب سے تجویز کردہ مقامات پر میٹروپولیٹن پولیس کے ارکان مقامی رہائشیوں اور حکام سے بات چیت کررہے ہیں تاکہ عارضی تعیناتی کے معاملے پر عمل کیا جاسکے۔

’اب تک کی گئی کوششوں کے بعد ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ مقامات کا تعین کرلیا گیا ہے۔‘

اس سے قبل وزارتِ دفاع نے جنوبی لندن میں زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل نصب کرنے کے بارے میں غور کیا تھا۔

اسی بارے میں