لیمونٹ اور عامر کا ’ری میچ‘ منسوخ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption لیمونٹ پیٹرسن اور عامر خان کا ری میچ انیس مئی کو ہونا تھا

امریکی باکسنگ چیمپیئن لیمونٹ پیٹرسن اور پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی انیس مئی کو ہونے والی باکسنگ فائٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔

لیمونٹ کا ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس فائٹ کے انعقاد پر شکوک ظاہر کیے جا رہے تھے۔

پیٹرسن نے دس دسمبر دو ہزار گیارہ کو ایک متنازع مقابلے کے بعد عامر خان کو شکست دی تھی اور عامر ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹل گنوا بیٹھے تھے۔

میچ کے فوراً عامر خان نے ججوں کے فیصلے پر اعتراض کیا تھا اور ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن نے معاملے کی تحقیقات کے بعد انیس مئی کو یہ مقابلہ دوبارہ کروانے کا حکم دیا تھا۔

مارچ میں دونوں باکسرز نے رضاکارانہ طور پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کا ٹیسٹ کروانے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کے نتائج کے مطابق پیٹرسن کے نمونے میں سنتھیٹک ٹیسٹوسٹیرون کی مقدار پائی گئی تھی۔

پیٹرسن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اس واقعے سے قبل یا بعد میں لیمونٹ پیٹرسن کا کوئی بھی ٹیسٹ مثبت نہیں رہا ہے‘۔

فائٹ کی منسوخی پر عامر خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اس فیصلے سے مایوس ہوا ہوں کیونکہ میں حساب برابر کرنا چاہتا تھا‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ باکسنگ حکام کو لیمونٹ سے وہ دونوں ٹائٹل واپس لے کر انہیں دینے چاہییئں جو لیمونٹ نے دسمبر میں انہیں ہرا کر جیتے تھے۔

اسی بارے میں